عمران یونس:پنجاب کے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے کالجز میں کالج ٹیچنگ انٹرن (سی ٹی آئی) بھرتیوں سے متعلق اپنی سابق پالیسی تبدیل کرتے ہوئے نئی بھرتیوں کے لیے دوبارہ درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن نے سابق اعلان کے برعکس بغیر انٹرویو سی ٹی آئیز کے کنٹریکٹس میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب خواہشمند امیدواروں کو دوبارہ درخواستیں جمع کرانے کے ساتھ انٹرویو میں شرکت اور مطلوبہ دستاویزات بھی جمع کرانا ہوں گی۔
محکمہ کے فیصلے کے تحت گزشتہ تعلیمی سال کے سی ٹی آئی امیدواروں کو بھی نئے انتخابی عمل سے گزرنا ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم نے گزشتہ سال سی ٹی آئیز کے کنٹریکٹس میں توسیع کا عندیہ دیا تھا، تاہم بعد ازاں سی ٹی آئیز کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد نئی بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق بعض سی ٹی آئیز کی غیر تسلی بخش کارکردگی سامنے آنے پر دوبارہ میرٹ کی بنیاد پر انتخاب کیا جائے گا، جبکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے رواں سال نئی درخواستیں طلب کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
دوسری جانب سی ٹی آئیز کے ماہانہ وظیفے میں اضافے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ حکام کے مطابق وظیفہ 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 65 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ نئی بھرتیوں اور وظیفے میں اضافے سے متعلق سمری منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔