سٹی42: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا یوم شہدائے کشمیر پر شہداء جموں وکشمیر کو زبردست خراج عقیدت۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انگریز سامراج کی سرپرستی میں ڈوگرہ فوج کے خلاف سری نگر سینٹرل جیل کے باہر جام شہادت نوش کرنے والوں کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انگریز سامراج کی سرپرستی میں ڈوگرہ فوج کے خلاف سری نگر سینٹرل جیل کے باہر جام شہادت نوش کرنے والوں کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے، آج کے دن کشمیریوں نے ثابت کیا کہ قرآن کریم اوراسلام کی عزت وحرمت انہیں اپنی جان سے پیاری ہے، 22 مسلمانوں کا جان قربان کر کے اذان مکمل کرنا واضح پیغام ہے کہ انہیں شکست نہیں دی جاسکتی، نہ جھکایا جاسکتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ شہداء کشمیر کی پکار بھارت سے آزادی کی تحریک کی صورت میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں آج بھی پوری قوت سے گونج رہی ہے بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، مقبوضہ جموں وکشمیر مسلم اکثریت خطہ ہے اور انشاءاللہ ہمیشہ رہے گا بھارت کے ظلم وجبر اور استبداد میں 5 اگست 2019 سے ایک نئی شدت آئی ہے جوانتہائی قابل مذمت ہے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے کشمیری سوال پوچھ رہے ہیں کہ انہیں انصاف کب ملے گا؟
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے رہنے والوں کو سلام ہے جنہوں نے آزادی کے لئے ہر ظلم، مصیبت کا عزم وہمت سے مقابلہ کیا اورہرسازش کو ناکام بنایا جموں وکشمیر کے رہنے والوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرجمیل دے۔ آمین