سٹی 42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف زرداری نے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی قلات میں بھارتی سپانسرڈدہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے کہا سکیورٹی فورسز کی قلات میں بروقت اور مؤثر کارروائی قابلِ ستائش ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی جرات اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔
محسن نقوی نے کہا سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے بھارتی سپانسرڈ 4 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع قلات میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور آپریشن میں فتنتہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی ۔
وزیراعظم نے کہا عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع قلات، بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارتی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں۔قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی.