ویب ڈیسک: راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف کے علاقوں میں سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس نے دایگل اور گورکھپور ناکوں پر بھاری نفری تعینات کی ہے۔ آج منگل کو اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقات کا دن ہے۔ ملاقات کے لیے سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر گوہر سمیت چھ رہنماؤں کی فہرست گزشتہ روز جیل انتظامیہ کو بھجوائی گئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی ملاقات کے لیے جیل پہنچیں گی۔
ادھر 26 نومبر احتجاج کے مقدمے کی سماعت راولپنڈی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں آج ہوگی، جس میں علیمہ خانم سمیت 11 ملزمان زیر سماعت ہیں۔ سماعت جج امجد علی شاہ کریں گے۔ مقدمے کے 11 ملزمان میں سے 8 ملزمان کی حد تک استغاثہ کے 18 گواہان پر دونوں جانب سے جرح مکمل ہو چکی ہے، جبکہ علیمہ خانم اور شریک ملزم عاطف ریاض کے وکلا آج 10 گواہان پر جرح مکمل کریں گے۔
گزشتہ روز عدالت نے ملزمان کے وکلا کو عدم پیشی پر وارننگ جاری کی تھی اور عدالتی احکامات کے تحت آج ہر صورت میں جرح مکمل کی جائے گی۔ اگر وکلا پیش نہیں ہوئے تو عدالت اسٹیٹ کونسل مقرر کر دے گی۔
سینئر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ پر مشتمل پراسیکیوشن ٹیم بھی کمرہ عدالت میں پیش ہوگی۔