ابراہیم قریشی: ملک کے تین صوبوں پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں شدید دھند چھا جانے کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے جبکہ حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے پر مختلف موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون (M-1) کو پشاور سے برہان انٹرچینج تک بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح لاہور – اسلام آباد موٹروے ایم ٹو (M-2) کو بھی مکمل طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
دھند کے باعث لاہور – ملتان موٹروے ایم تھری (M-3) فیض پور سے درخانہ تک بند ہے، جبکہ موٹروے ایم فور (M-4) پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
اسی طرح لاہور – سیالکوٹ موٹروے ایم الیون (M-11) کو بھی شدید دھند کے باعث بند رکھا گیا ہے، جبکہ موٹروے ایم 14 عیسیٰ خیل سے دریائے سندھ تک بند کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے قبل موٹروے ہیلپ لائن یا سرکاری ذرائع سے سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔ ترجمان کے مطابق دھند کے دوران تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران دھند کی شدت میں کمی کا امکان کم ہے.