اشرف ممتاز : سابق وزیراعظم نواز شریف کو عمران خان کے فاشسٹ روئیے کے باعث ن لیگ نے وطن آنے سے روکدیاہے۔نوازشریف موجود ہ حکومت کے خاتمے تک پاکستان نہیں آئیں گے۔ سابق وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید کا انکشاف۔
پرویز رشید نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ سینئر ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے کس بنیاد پر نواز شریف کی واپسی کا دعوی کیا ہے ن لیگ چاہتی ہے کہ نواز شریف ابھی لندن میں قیام کریں۔ اس حوالے سے جب بھی کوئی نیاموقف ہوا عوام کے ساتھ شئیر کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا نوازشریف پہلے بھی تین دفعہ عدالت کے آگے سرینڈر کرچکے ہیں مگر فیصلہ سنانے والے ججز کی جانب سے انکشافات نے پارٹی کو مجبور کیا کہ میاں صاحب کو وطن سے باہر رکھا جائے ۔
کسی کو ملک کے عدالتی نظام سے کوئی شکایت نہیں مگر مختلف ججز کی جانب سے کئے جانے والے درجنوں انکشافات نظر انداز نہیں کئے جاسکتے ، ان ججز نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی ، سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو کی برطرفی کے متعلق انکشافات کئے اسی طرح سابق جج ارشد ملک نے بھی کچھ انکشافات کئے۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ منظر عام پر آئی ، سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کا بیان حلفی سامنے آیا۔ اس سب کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف کو واپس نہیں آنا چاہئیے۔