ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس ،درپیش داخلی و عالمی چیلنجز پر تفصیلی غور و خوض

جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس ،درپیش داخلی و عالمی چیلنجز پر تفصیلی غور و خوض
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سٹی 42) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی شوریٰ کا اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک، ملت اور امتِ مسلمہ کو درپیش داخلی و عالمی چیلنجز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے، ایسے میں خاموشی اختیار کرنا ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ ہمیں ہر سطح پر حق، انصاف اور مظلوموں کی آواز بننا ہوگا۔

 اس موقع پر ڈاکٹر حمیرا طارق نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین معاشرے کی فکری و اخلاقی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اور وقت کا تقاضا ہے کہ وہ جرات و بصیرت کے ساتھ اپنا مثبت اثر بڑھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو داخلی استحکام، عدل و انصاف کے قیام اور نظریاتی مضبوطی کے ذریعے ہی عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا، اور اس میں دینی و سماجی حلقوں کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔
اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی، جس میں مرکزی شوریٰ نے فلسطین میں جاری بدترین نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری، مستقل اور مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کیا، فلسطینی قیدیوں کے لیے سزائے موت کے غیر انسانی قانون کو مسترد کیا، امِ رباب کیس میں ملزمان کی رہائی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شفاف ازسرِنو سماعت کا مطالبہ کیا، امریکہ-اسرائیل اتحاد کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا، جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی ہر ممکن کوشش کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایران کے ذمہ دارنہ اور صبر و تحمل پر مبنی طرزِ عمل کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا - اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹریز عطیہ نثار ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ، عفت سجاد ، عائشہ سید ، ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید سمیت  تمام اراکین شوریٰ نے شرکت کی ۔