(سٹی42) احتساب عدالت نے پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مجاہد کامران اور سابق 6 رجسٹرار کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے سخت سکیورٹی حصار میں ہتکھڑیاں لگا کر پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مجاہد کامران سمیت 6 سابق رجسٹرار ڈاکٹراورنگ زیب، زیب عالمگیر ڈاکٹر لیاقت، راس، مسعود، امین، اطہر کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا اور عدالت کو بتایا کہ ان ملزمان کو گزشتہ روز غبن اور غیرقانونی بھرتیوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا، نیب نے استدعا کی کہ تحقیقات کیلئے ان ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
ایڈووکیٹ منصور نے موقف اختیار کیا کہ ملک لوٹنے والوں کو بغیر ہتھکڑیاں پیش کیا جاتا ہے جبکہ قوم کے معماروں کو ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا گیا، ملزمان کی ہتھکڑیاں کھولی جائیں۔
ڈاکٹر مجاہد کامران نے نیب کے الزامات مسترد کردیئے،انہوں نے کہا کہ ہر انکوائری پر پیش ہوئےہیں، بتایا جائے ریمانڈ لیکر نیب کیا بر آمد کرنا چاہتا ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پنجاب یونیورسٹی کے سابق وی سی ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت 6 سابق رجسٹرار کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔