ویب ڈیسک: ترکیہ کا سی-130 فوجی کارگو طیارہ آذربائیجان سے واپسی کے دوران جارجیا کی حدود میں گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں طیارے میں سوار تمام 20 اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ترک وزارتِ دفاع کے مطابق سی-130 طیارہ آذربائیجان سے ترکیہ واپس آ رہا تھا جب جارجیا کے سرحدی علاقے میں حادثے کا شکار ہوا۔ وزارت دفاع نے بتایا کہ جارجیا کے حکام کے ساتھ مل کر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، طیارے میں ترکیہ اور آذربائیجان دونوں ممالک کے عملے کے ارکان سوار تھے۔
ترکی کے نجی ٹی وی چینل این ٹی وی پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ طیارہ گھومتے ہوئے نیچے گرا اور زمین سے ٹکرا کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جارجیا میں حادثے کا شکار ہونے والے ترک شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ صدر اردوان نے بتایا کہ امدادی ٹیمیں مقامی حکام کے تعاون سے جائے حادثہ پر ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ترک کمیونیکیشنز ڈائریکٹر برہانیتن دوران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کریں اور صرف حکومتی ذرائع سے فراہم کی جانے والی مصدقہ معلومات پر یقین کریں۔
ترک فضائیہ کے سی-130 طیارے عام طور پر فوجیوں اور سازوسامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ اس حادثے کے بعد ترک وزارتِ دفاع نے ملک بھر میں فوجی پروازوں کے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔