جنید ریاض: پرائیویٹ سکول سلوشنز آف پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں گرمیوں کی چھٹیوں کے شیڈول پر نظرِ ثانی کی جائے اور تعطیلات کا دورانیہ کم کیا جائے۔
تنظیم کے نائب صدر محمد خاور نسیم بٹالوی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں تعلیمی نقصان بڑھ رہا ہے، اس لیے گرمیوں کی چھٹیاں 15 جون سے یکم اگست تک محدود کی جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ رواں تعلیمی سال میں پہلے ہی طلبہ کا کافی وقت ضائع ہوا ہے، مارچ میں مکمل طور پر اسکول بند رہے جبکہ اپریل میں بھی صرف چند دن ہی تدریسی سرگرمیاں ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میٹرک کی کلاسز بھی ابھی تک مکمل طور پر شروع نہیں ہو سکیں اور طلبہ صرف دو دن ہی باقاعدہ پڑھائی کر سکے ہیں، جس سے تعلیمی معیار متاثر ہو رہا ہے۔
نائب صدر نے حکومت سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ چھٹیوں میں کمی کے ساتھ ساتھ تعلیمی نقصان پورا کرنے کیلئے سمر کیمپ لگانے کی بھی اجازت دی جائے تاکہ طلبہ اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں اور نصاب بروقت مکمل ہو سکے۔