ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سانحہ 12 مئی ہماری قومی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے؛ بلاول بھٹو

سانحہ 12 مئی ہماری قومی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے؛ بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سانحہ 12 مئی ہماری قومی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں جمہوریت عظیم قربانیوں کے بعد ملی ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر بہایا گیا خون رائیگاں نہیں گیا، بلکہ وہ آج ظلم کے خلاف مزاحمت کی ایک توانا علامت بن چکا ہے۔ انہونے کہا کہ سانحہ 12 مئی ہماری قومی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جس روز انسانی جان کی حرمت پامال اور جمہوری اقدار کو دن دہاڑے روندا گیا، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں جمہوریت عظیم قربانیوں کے بعد ملی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کے عوام، وکلاء، سیاسی کارکنان اور سول سوسائٹی نے آئین کی سربلندی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ درجنوں بے گناہ شہریوں کو بے رحمی سے شہید اور سینکڑوں کو زخمی کیا گیا صرف اس لیے کہ وہ جمہوریت، آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو ہمیں ایسے المناک سانحات کو دہرانے سے روکنا ہوگا، پیپلز پارٹی شہداء کے خاندانوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس جدوجہد کا حصہ رہے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم سانحہ 12 مئی کے شہداء کو نہیں بھولے، نہ ہی قوم نے فراموش کیا ہے، اور ہماری آنے والی نسلیں بھی اس المناک دن کے مجرموں کی ہمیشہ مذمت کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آمریت اور تشدد کا سامنا کیا ہے اور قربانیوں کی طویل تاریخ اس کی گواہ ہے، آج کا دن ان عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔

واضح رہے کہ 12 مئی 2007 کو سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی کراچی آمد پر فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے تھے۔ فائرنگ سے جاں بحق 50 سے زائد شہریوں کے اہلخانہ آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔