سعید احمد سعید : طیاروں کی عدم دستیابی اور دیگر تکنیکی وجوہات کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر اندرون و بیرون ملک کی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بیرون ملک جانے والی 13 جبکہ بیرون ملک سے لاہور آنے والی 14 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جس سے سینکڑوں مسافر متاثر ہوئے۔منسوخ ہونے والی پروازوں میں جدہ سے لاہور آنے والی سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 738 اور لاہور سے جدہ جانے والی پرواز ایس وی 739 شامل ہیں۔ اسی طرح کویت سے لاہور آنے والی پرواز جے نائن 501 اور لاہور سے کویت جانے والی الجزیرا ایئر کی پرواز جے نائن 502، کولمبو سے آنے والی سری لنکن ایئر کی پرواز یو ایل 153 اور واپس کولمبو جانے والی پرواز یو ایل 154 بھی منسوخ کی گئی ہیں۔
فلائی جناح کی لاہور سے ریاض جانے والی پرواز نائن پی 580، جدہ جانے والی پرواز نائن پی 586، لاہور سے کراچی جانے والی پرواز نائن پی 847، اور شارجہ جانے والی پرواز نائن پی 502 بھی متاثرہ پروازوں میں شامل ہیں۔
سعودی ایئر کی ایک اور پرواز ایس وی 733 کے ساتھ ساتھ فلائی جناح کی جدہ جانے والی پرواز ایس وی 3735 بھی منسوخ کر دی گئی۔ اس کے علاوہ لاہور سے کوالالمپور جانے والی پرواز او ڈی 132 اور بنکاک جانے والی پرواز ٹی جی 346 بھی روانگی سے قبل منسوخ کر دی گئیں۔
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق متاثرہ مسافروں کو متبادل پروازوں یا ری فنڈ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اور مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل ایئرلائن سے اپنے سفر کی تصدیق ضرور کر لیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔