(جنیدریاض) لاہور سمیت پنجاب بھر کے سینکڑوں ہائی سکولوں میں گریڈ 20 کے پرنسپلز کی اسامیاں خالی، گریڈ 20 کے پرنسپلز کی اسامیاں خالی ہونے سے سکولوں کے انتظامی معاملات چلانے میں مشکلات پیش آنے لگی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کےسینکڑوں ہائی سکولوں میں گریڈ 20 کے پرنسپلز کی اسامیاں خالی ہیں۔ گریڈ 20 کے پرنسپلز کی اسامیاں خالی ہونے کے باعث سکولوں کے انتظامی معاملات چلانے میں مشکلات درپیش ہیں۔لاہورکے 9 ہائی سکولوں میں گریڈ بیس کی پوسٹیں خالی ہیں۔ مذکورہ سکولوں میں گورنمنٹ ہائی سکول شاہدرہ ،گورنمنٹ ہائی سکول کاہنہ نوں ، گورنمنٹ ہائرسکینڈری سکول گرین ٹاون ، گورنمنٹ ہائرسکینڈری سکول جلو موڑ، گورنمنٹ ہائی سکول والٹن ، گورنمنٹ ہائی سکول تاج باغ ، گورنمنٹ ہائی سکول اطوکی اعوان، گورنمنٹ ہائی سکول چوہنگ، گورنمنٹ ہائی سکول مانگا شامل ہیں۔
مذکورہ ہائی سکولوں میں سربراہان نہ ہونے سے پڑھائی کا معیار گرنے لگا ہے۔ پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ گریڈ 20 کے سکول سربراہان کی اسامیاں پر کرنے کیلئے گریڈ 19 کے اساتذہ کو فوری ترقیاں دی جائیں، گریڈ 19 کے اساتذہ عرصہ دراز سے ترقیوں کے منتظر ہیں۔ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لاہور میں پرنسپل کی خالی اسامیوں پر تعیناتی کیلئے سیکرٹری ایجوکیشن کو آگاہ کردیا ہے، گرمی کی چھٹیوں میں پرنسپل خالی اسامیاں پر کرلیں جائیں گی۔
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم نے 2016 میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے گریڈ 17 میں بھرتی ہونے 126 سکول سربراہان کو مستقل کردیا۔مذکورہ سکول سربراہان کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا تھا۔مستقل ہونے والے 126 ہیڈ ماسٹرز گریڈ 17 میں بھرتی ہوئے تھے۔سکول سربراہان کومستقل کرنے کے احکامات پانچ سالہ کنٹریکٹ ختم ہونے پر جاری کیے گئےہیں۔
دوسری جانب لاہور کے 105 سکولوں میں درجہ چہارم کی بھرتی کا معاملہ ایک بار پھر التوا کاشکار ہوگیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 11 مئی کو انٹرویوز منسوخ کردیئے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔