ویب ڈیسک : وفاقی حکومت نے 18877 ارب روپے کا مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کردیا ہے، جس میں نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فنانس بل کے مطابق نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی کا فیصلہ ہوگا تاہم حج عمرہ اور تعلیمی سفر کرنے والے نان فائلرز کو چھوٹ ہوگی، جبکہ عملدرآمد نہ کرنے والی ایجنسیوں پر 10 کروڑ کا جرمانہ تجویز کیا گیا ہے، اس کے علاوہ دوسری دفعہ عملدرآمد نہ کرنے پر جرمانہ 20 کروڑ عائد ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 30 لاکھ نان فائلرز کے خلاف ایکشن کی تیاریاں کی گئیں جس کے تحت ان کے بجلی اور گیس کے کنکشن کاٹنے کا کہا گیا۔ 30 لاکھ نان فائلرز کیخلاف ایکشن کی تیاری، بجلی، گیس کنکشن کانٹے کے قوانین پر عمل ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نان فائلرز کے بجلی اور گیس کنکشن کاٹنے کے قوانین پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس قوانین کا سہارا لے کر ٹیکس چوروں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔