(ویب ڈیسک)بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کی تیاریاں عروج پر ہیں،جے یو آئی ف اور پی ٹی آئی نے شکارپور اور جیکب آباد کی متعدد یونین کونسلز میں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اعلان کردیا .
تفصیلات کے مطابق جمیعت علمائے اسلام نے اپنی حریف جماعت تحریک انصاف کے ساتھ سندھ میں26 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے اتحاد کر لیا ہے،پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) کی مقامی قیادت نے شکارپور اور جیکب آباد اضلاع کی یونین کونسلوں میں ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
جے یو آئی (ف) نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے سندھ بھر میں جلسوں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ پارٹی 18 جون کو سکھر میں جلسہ کرے گی جس سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خطاب کریں گے۔
دوسری طرف سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 اضلاع سے کم از کم 946 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ ای سی پی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کشمور کندھ کوٹ سے 96، قمبر شہدادکوٹ سے 70، جیکب آباد سے 135، شکارپور سے 94، لاڑکانہ سے 11، میرپور خاص سے 65 اور عمرکوٹ سے 65 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ 26 جون 2022 کو ہوگی ۔