آفاق نذیر : پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کی سرکاری عمارت میں پرائیوٹ مرغیاں پالنے کا معاملہ, جائزہ لینے کے لیے پہنچنے والی سیکیورٹی ٹیم کو ڈائریکٹر الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر کامران عابد نے ڈیپارٹمنٹ تک رسائی دینے سے روک دیا.
ڈاکٹر کامران عابد نے تحقیقاتی ٹیم کو بلڈنگ کا جائزہ کروانے سے انکار کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیپارٹمنٹ کے داخلی راستے پر تالے لگا کر ڈیپارٹمنٹ کے سیکیورٹی گارڈز تعینات کردیے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی نے یونیورسٹی کی سیکیورٹی ٹیم کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ شعبہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران عابد نے ادارے کی چھت اور لان میں مرغیاں پال رکھی ہیں، مرغیوں کے لئے سرکاری عمارت کی چھت پر ڈاکٹر کامران عابد نے ڈربے بھی بنوا رکھے ہیں، مرغیوں کو لان میں محفوظ رکھنے کے لئے 5 لاکھ روپے کا جنگلہ لگانے کا انکشاف بھی ہوچکا ہے، لان میں جنگلہ لگانے سے ادارے کے طلباء و طالبات کو مین لائبریری جانے کا راستہ رک گیا، پرائیوٹ مرغیوں کی دیکھ بھال کے لئےشعبے کے سرکاری ملازمین بھی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
ڈاکٹر کامران عابد یونیورسٹی آف سرگودھا اور ساہیوال میں وائس چانسلر کے امیدوار ہیں، ڈاکٹر کامران عابد نیب کیس میں جیل بھی بھگت چکے ہیں ۔