انور عباس: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی دعائیں سیلاب سے متاثرہ، بے گھر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیاں جلد کامیاب ہوں گی اور متاثرین کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
نائب وزیراعظم نے ریسکیو اہلکاروں، مسلح افواج، طبی ٹیموں اور امدادی کارکنوں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیمیں متاثرہ افراد کی مدد کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس مشکل گھڑی میں بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور متاثرہ افراد کی سلامتی اور بحالی کے لیے دعاگو ہیں۔