ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں بادلوں کی حکمرانی، مزید بارش کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان موجود

لاہور میں بادلوں کی حکمرانی، مزید بارش کی پیش گوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فاران یامین: لاہور میں کالی گھٹاؤں نے  آسمان ڈھانپ لیا جبکہ شہر میں ہونے والی بارش کے بعد گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی، جس کے باعث شہریوں نے حبس سے بھی وقتی نجات حاصل کر لی ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث گرمی کی شدت میں واضح کمی محسوس کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان موجود ہے، جبکہ بادلوں کا راج برقرار رہنے کے باعث آئندہ بھی موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 11 سے 13 جولائی تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب  لاہور میں متوقع بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے پیشگی انتظامات مکمل کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر واسا لاہور سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے محفوظ رکھا جا سکے۔

وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے فیلڈ ٹیموں کو ہر وقت متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے مرکزی شاہراہوں، انڈر پاسز اور دیگر اہم مقامات پر بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

واسا حکام نے ہدایت کی ہے کہ جہاں بجلی کی فراہمی معطل ہو وہاں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز کے ذریعے فعال رکھا جائے، تمام پمپنگ اسٹیشنز مکمل طور پر آپریشنل ہوں اور پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی اسکرینوں کی بروقت صفائی بھی یقینی بنائی جائے۔

ادھر کمشنر لاہور نعمان یوسف نے بھی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واسا، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) اور ایل ڈی اے کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں، جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں نکاسی آب کے آپریشن کی خود نگرانی کریں۔

کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ شہر کی مرکزی سڑکوں اور انڈر پاسز کو ہر صورت ٹریفک کے لیے کھلا رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ سی بی ڈی، روڈا اور دیگر متعلقہ اداروں کی فیلڈ ٹیموں کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں مکمل الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔