ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں، وزیراعظم

عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں، وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں ۔

شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عوام کو اشیائے خورونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے.

وزیراعظم نے رمضان المبارک میں اشیائے خوردو و نوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے ابھی سے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی، ساتھ ہی وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت قومی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر بی ایس 21 کے ڈاکٹر حسن الامین  کو ڈائریکٹر قومی ادارہ برائے مطالعہء پاکستان، قائد اعظم یونیورسٹی ، اسلام آباد کا ڈائریکٹر تعینات کرنے کی منظوری دے دی، کابینہ کو بتایا گیا کہ انکی تقرری میرٹ پر شفاف نظام  کے تحت کی گئی ہے.  وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر محترمہ طاہرہ رضا کو پانچ سال کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نان ـ ایگزیکٹو ممبر کے طور پر تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی رواداری کی حکمت عملی کی منظوری دے دی، کابینہ کو بتایا گیا کہ کابینہ کی ایک سب کمیٹی نے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی رواداری کی حکمت عملی کا جائزہ لے کر کابینہ میں سفارشات پیش کی ہیں. اس پالیسی کے تحت مذہبی رواداری کے حوالے سے  ڈائیلاگز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا اور عوامی آگہی کی مہم بھی چلائی جائے گی۔ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کے حوالے سے ایکشن پلان بھی مذکورہ پالیسی کا حصہ ہے۔ مذہبی رواداری کی حکمت عملی کے تحت  نفرت آمیز مواد اور لٹریچر کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے اور مختلف فرقہ ورانہ تنازعات کے حل کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ 

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر محترمہ لییلہ ایلیاس کلپانہ اور محترمہ ستونت کور کی متروکہ وقف املاک بورڈ میں بطور خواتین ممبران تعیناتی کی منظوری دے دی۔  وفاقی کابینہ نے ریونیو ڈویژن کی سفارش پر حکومت پاکستان اور حکومت عراق کے درمیان انکم ٹیکس اور کیپیٹل پر ڈبل ٹیکسیشن کے خاتمے اور ٹیکس چوری اور ٹیکس نادہندگی کے خاتمے کے حوالے سے کنونشن کے ابتدائی ڈرافٹ پر دستخط کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 فروری 2025 کو ہوئے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی ۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 7 فروری 2025 کے اجلاس، اور کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی ادارہ جات کے 11 فروری کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی ۔