ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ناروے کے وزیر خارجہ 13 اور 14 اگست کو پاکستان کا دورہ کریں گے

ناروے کے وزیر خارجہ 13 اور 14 اگست کو پاکستان کا دورہ کریں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے 13 اور 14 اگست کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ایک دہائی بعد ناروے کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچیں گے دورے کے دوران اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اور ناروے کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا، جبکہ موسمیاتی تبدیلی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون بھی زیر غور آئے گا۔

تعلیم اور عوامی روابط کے فروغ کے امکانات پر بھی بات چیت ہوگی، جبکہ دونوں وزرائے خارجہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ناروے کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کے تناظر میں اہم ہے اور یہ باہمی مفاد کے نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور ناروے کے وزرائے خارجہ کے درمیان مارچ اور اپریل 2026 میں ٹیلیفونک رابطے بھی ہوئے تھے، جبکہ ناروے کے اسٹیٹ سیکریٹری اینڈریاس موٹزفیلٹ کراوک نے مئی 2026 میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔