ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عام شہری اب 10 منٹ میں شناختی کارڈ بنوا سکے گا

عام شہری اب 10 منٹ میں شناختی کارڈ بنوا سکے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عام شہری اب 10 منٹ میں شناختی کارڈ بنا سکتا ہے، ہم اپنی کارکردگی سے سیاست کرتے ہیں، ہمارے کام بولتے ہیں۔

جڑانوالہ میں وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے نادرا میگا سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ اب عام شہری صرف 10 منٹ میں شناختی کارڈ بنوا سکتا ہے، ہم اپنی کارکردگی سے سیاست کرتے ہیں، ہمارے کام خود بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 78 سال میں اتنے ترقیاتی کام کسی حکومت نے نہیں کیے جتنے موجودہ حکومت کر رہی ہے، لاہور روڈ کی مرمت مکمل ہو چکی ہے جبکہ گرین بس سروس کا آغاز جلد کیا جائے گا۔

 سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شراکت سے کام کر رہے ہیں ، دنیا کے بڑے ممالک پاکستان سے شراکت داری کے خواہاں ہیں، 57 ممالک میں حرمین شریفین کی سیکیورٹی کا شرف پاکستان کو حاصل ہوا۔ 

 فلسطین سے متعلق بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ غزہ کا مسئلہ اب حل ہو چکا ہے، اگر وہاں جشن منایا جا رہا ہے تو احتجاج کیسا؟

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ادارے اور سیاست ایک پیج پر ہوں تو ہم دنیا میں سنے جائیں گے، انتشار کی سیاست اب مزید نہیں چلے گی، وزیراعظم نہیں بلکہ کچھ لوگوں کو اپنی سوچ بدلنے کی ضرورت ہے۔

 وزیر مملکت نے کہا کہ شہباز شریف کا ویژن سستی بجلی، ترقیاتی کام اور روزگار ہے، جس شہر کی کبھی سڑک نہیں تھی وہاں اب موٹروے گزر رہی ہے، ہم اتنے کام کریں گے کہ جڑانوالہ سے لاہور صرف 40 منٹ میں پہنچا جا سکے گا۔

 وزیر مملکت نے کہا کہ کارکردگی کو ووٹ دیں،ہم کسی انتشار کا حصہ نہیں، اب ہم کسی کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے، اگر طاقت استعمال کرتے تو کوئی سڑک پر نہ ہوتا۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال 12 ملین ڈالر مالیت کی منشیات پکڑی گئی، جبکہ احتجاج کرنے والوں کے گھروں سے اسٹیٹ بینک سے زیادہ پیسہ برآمد ہوا.