کرونا کیسز3گنا بڑھنے پر دربار، سینما اور تھیٹرز فوری بند کرنےکا فیصلہ

کرونا کیسز3گنا بڑھنے پر دربار، سینما اور تھیٹرز فوری بند کرنےکا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:کورونا کیسز میں اضافے کے باعث این سی او سی نے دربار، سینما اور تھیٹرز فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عوامی اجتماعات پر پابندی کی بھی سفارش کی گئی، 500 سے زیادہ افراد جمع نہیں ہو سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی دوسری لہر کا جائزہ لیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر اجلاس میں کورونا ایس اوپیز پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں 16 بڑے شہروں میں بڑھتے کورونا کیسزکی شرح اور تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کا جائزہ لیا گیا۔

 وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ این سی او سی نے بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز ہے، تجویز آنے کے بعد سے کورونا کیسز کی تعداد تقریباً 3 گنا بڑھ چکی ہے، زندگیاں بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، کورونا کیسز میں اضافہ فوری اقدامات کا تقاضا کر رہا ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 21 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار 184 ہوگئی۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 708 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 7 ہزار 831، سندھ میں ایک لاکھ 51 ہزار 352، خیبر پختونخوا میں 41 ہزار 69، بلوچستان میں 16 ہزار 195، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 394، اسلام آباد میں 22 ہزار 432 جبکہ آزاد کشمیر میں 4 ہزار 911 کیسز رپورٹ ہوئے۔


ملک بھر میں اب تک 47 لاکھ 73 ہزار 496 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 989 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 20 ہزار 65 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 109 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 21 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 21 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 429، سندھ میں 2 ہزار 690، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 294، اسلام آباد میں 247، بلوچستان میں 154، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 114 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Muhammad Zeeshan

Senior Copy Editor