گلگت بلتستان الیکشن سے قبل ن لیگ کو دھچکا

گلگت بلتستان الیکشن سے قبل ن لیگ کو دھچکا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:گلگت بلتستان الیکشن سے قبل ن لیگ کےسینئر رہنما میجر ریٹائرڈ امین تحریک انصاف میں شامل ہوگئے-


ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی گلگت بلتستان میں موجودگی کے دوران (ن) لیگ کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر میجر ریٹائرڈ امین پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں۔اس سلسلے میں ان کی پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات ہوئی۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور اور تحریک انصاف کی امیدوار آمنہ انصاری بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ن لیگ کے سابق صوبائی وزیر میجر ریٹائرڈ امین نے اس موقع پر ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت جبکہ آمنہ انصاری کی بھی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

میجر ریٹائرڈ امین کا کہنا تھا کہ بھرپور غور وفکر کے بعد ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ شریف خاندان نے دشمن کے بیانیے کو اپنایا ہے اور اب وہ گلگت میں نقب لگانے کیلئے کوشاں ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ہ کرپشن کے ریکارڈ توڑنے اور گلگت بلتستان کو محرومیوں کی نذر کرنے والوں کا ساتھ نہیں دے سکتے۔ عمران خان گلگت بلتستان کی امید اور تحریک انصاف ہمارے حقوق کی نگہبان ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھرپور انداز میں آمنہ انصاری کی انتخابی مہم چلا کر گھانچے سے تحریک انصاف کو کامیاب کروائیں گے، اس موقع پر بات کرتے ہوئے سیف اللہ خان نیازی نے سابق لیگی رہنما کی پی ٹٰی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہم ان کے شکرگزار ہیں۔واضح رہے کہ 15نومبر کو گلگت بلتستان میں الیکشن ہونے جارہے ہیں۔ تحریک انصاف ،ن لیگ اورپیپلزپارٹی  کی قیادت بھرپور جلسوں کا انعقاد کررہی ہیں اور ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری بھی جاری ہے ۔

Muhammad Zeeshan

Senior Copy Editor