سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی صنعت، ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے نا گزیر ہے، حکومت اپنی توجہ برآمدات میں اضافے اور صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے ہر مزکور کئے ہوئے ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر اجلاس ہوا ۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسےچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتیں، جو کہ برآمدات میں اضافے کے حوالے سے اہم ہیں، کو حکومتی سہولیات فراہم کرنے کے حوالےسے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ ایسے نئے کاروباروں اور صنعتوں کے فروغ کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کی جائے جو ملکی برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی صنعت اور تجارت میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور جدت, ملکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت دلانے میں مددگار ثابت ہو گی۔
وزیر اعظم نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادئیگی کی ہدایت کی۔
اجلاس کو ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ پالیسی مسودے پر اجلاس میں بحث بھی کی گئی اور شرکاء نے اپنی اپنی رائے اور تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ،وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، وزیراعظم کے معا ون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔