ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک بھر میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی

ملک بھر میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم کی صورتحال تبدیل ہونے جا رہی ہے جہاں آج سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جس کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اس موسمی نظام کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

محکمہ کے مطابق چترال اپر و لوئر، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ سمیت مختلف بالائی اضلاع میں فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے، کیونکہ گلیشیائی جھیلوں کے دباؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی حکام کو ہدایت دی ہے کہ حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھا جائے۔ مقامی آبادی اور سیاحوں کو بھی ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کم نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد محتاط رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ ضلعی انتظامیہ کو انخلائی مراکز فعال رکھنے، ریسکیو ٹیموں کی دستیابی یقینی بنانے اور ہنگامی مشقیں کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ اگر پانی کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی، کیچڑ یا پتھروں کی غیر معمولی آوازیں سنائی دیں تو فوراً محفوظ جگہ منتقل ہو جائیں۔ مویشیوں اور ضروری سامان کو بھی بلند مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ کمیونٹی الرٹ سسٹم کو فعال رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔

مزید برآں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ڈی ایم اے) فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور سی اینڈ ڈبلیو سمیت متعلقہ اداروں کو ممکنہ سڑک بندشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ  محکمہ کے مطابق اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، ملتان سمیت مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، سوات، مانسہرہ، پشاور، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ اسی طرح گلگت، اسکردو، ہنزہ، مظفرآباد، نیلم ویلی اور کوٹلی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب سندھ اور جنوبی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔ سکھر اور دادو میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ تربت، نوابشاہ اور سبی میں 44 ڈگری، ملتان میں 42، حیدرآباد میں 41 اور فیصل آباد میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔

مزید برآں اسلام آباد اور پشاور میں درجہ حرارت 36 ڈگری جبکہ لاہور میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ایک ہی وقت میں متضاد موسمی صورتحال برقرار رہے گی۔