کلیم اختر: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انکم ٹیکس رولز 2002 میں مزید ترامیم کا مسودہ جاری کر دیا گیا ہے، جسے عوامی آگاہی اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی رائے کے لیے باضابطہ طور پر شائع کیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 237 کے تحت حاصل اختیارات کے استعمال سے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ سرکاری گزٹ میں اشاعت کے بعد 7 روز کے اندر متعلقہ افراد سے اعتراضات اور تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
ادارے کے مطابق موصول ہونے والی آراء اور سفارشات کو حتمی منظوری سے قبل زیر غور لایا جائے گا۔ نئے نظام کے تحت ٹیکس سال 2026 کے لیے الیکٹرانک ریٹرن فائلنگ کو مزید جدید اور مؤثر بنایا جائے گا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام میں آسانی، شفافیت اور خودکاریت کو فروغ دینا ہے۔ نئے الیکٹرانک ریٹرن فارمیٹ سے ٹیکس دہندگان کو بہتر آن لائن سہولیات میسر آئیں گی۔
مزید یہ کہ ریٹرن فائلنگ کے عمل میں انسانی مداخلت کم اور ڈیٹا کی درستگی میں اضافہ ہوگا، جبکہ ڈیجیٹل نظام سے کمپلائنس بہتر اور ریونیو دستاویزی عمل مزید مضبوط ہوگا۔