احتشام کیانی ,رمشا اسما عیل ،ثمرہ فاطمہ:لاہور میں موسم خوشگوار ہو گیا، افق پر کالی گھٹاؤں نے ڈیرے جما لیے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی محسوس کی گئی اور شہریوں نے خوشگوار موسم سے خوب لطف اٹھایا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 اور کم سے کم 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں۔
دوسری جانب کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27.6 ڈگری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
کراچی میں جنوب مغرب سمت سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا اور فضا میں مضر ذرات کی مقدار 100 پارٹیکیولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈ ہوئی۔
ادھر اسلام آباد میں آج موسم ابرآلود رہنے اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں اس وقت درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ دن کے وقت تقریباً 10 میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔