ویب ڈیسک : وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہمارے جواب دینے کے بعد بھارت نے امریکا اور دیگرممالک سے سیزفائر کیلئے خود درخواست کی۔
رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بطور ریاست اور قوم ایک ہی بات کی تھی کہ ہماری طرف سے کوئی معاملہ نہیں ہوگا، اگر ہماری سالمیت پر حملہ ہوا تو جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پھر جواب دیا گیا جس سے بھارت کو اور ہزیمت اٹھانا پڑی اور یہ بات بالکل درست ہے کہ بھارت نے امریکا کے نائب صدر اور دیگر ممالک سے خود سیز فائر کیلئے درخواست کی، پہلے تو یہ کسی کی بات سننے کو تیار ہی نہیں تھے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارت سے امید رکھنا کہ ماضی کے برعکس سارے معاملات کو ٹیبل پر بیٹھ کر حل کرے گا، اس پر زیادہ امید لگانا درست نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے معاملے پر بھی ایسا ہی جواب دیاجائےگا جیسا اس بار دیا گیا، مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر دوبارہ اجاگر ہوا ہے اور کشمیر کا معاملہ تو ہر قیمت پر سامنے رکھا جائے گا۔