ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

"ٹائیگر فورس غائب لیکن لیگی شیر مستحق افراد کی خدمت میں مصروف"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمر اسلم ) رکن قومی اسمبلی علی پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) لاہور خواجہ عمران نذیر کا حلقے کا دورہ، مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا جائزہ لیا، لیگی ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی ہدایت پر مشکل حالات میں خدمت خلق کا عمل جاری ہے۔

رکن قومی اسمبلی علی پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن لاہور خواجہ عمران نذیر نے پی پی ایک سو تریپن اپنے حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حلقہ میں مستحق افراد کی بھرپور مدد کر رہے ہیں، انہیں لیگی کارکنان کے ذریعے باعزت طریقے سے بغیر تصویر کھنچوائے راشن فراہم کیا جارہا ہے۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ٹائیگر فورس تو غائب ہے لیکن گلیوں محلوں میں میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کے شیرعوام کی خدمت کررہے ہیں۔

بعد ازاں لیگی کارکن فضل ربی سے ان کی بھابھی اور لیگی کارکن محمد صدیق سے ان کی بیٹی کے انتقال پر بھی ارکان اسمبلی نے اظہار افسوس کیا۔ اس موقع پر شہباز بھٹی، میاں ضیا شیروں والا، رانا شہزاد اور مہر جمیل سمیت دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کے ہی سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کی سابق ایم پی اے منیر مسیح کھوکھر کی رہائشگاہ پر آمد ہوئی، اہل خانہ سے منیر مسیح کھوکھر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ منیر مسیح کھوکھر پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے، پارٹی کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ منیر مسیح کھوکھر مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ رہے، ان کا خلا کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔ اس موقع پر ایم پی اے چودھری یاسین سوہل، میاں نصیراحمد، لیگی رہنما قاری حنیف، مسزکملا منیر، سنبل کھوکھر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔