قیصر کھوکھر : پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب پولیس اور پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ سمیت مختلف محکموں کی اسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے. سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن کی جانب سے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت ای ایس ای (ریاضی) کی 53 اسامیوں کے لیے 225 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ہیں۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن نے بعض اسامیوں کے حتمی نتائج کا بھی اعلان کیا ہے۔ پنجاب پولیس میں سب انسپکٹر (ڈی جی خان ریجن) کی 29 اسامیوں کے لیے امیدواروں کو حتمی طور پر کامیاب قرار دے کر حکومت پنجاب کو تقرری کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ اسی طرح پنجاب پولیس میں سٹینوگرافر کی 277 اسامیوں کے لیے بھی حتمی نتائج جاری کیے گئے ہیں جن میں سے 64 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے جبکہ 213 اسامیاں موزوں امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث خالی رہ گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کے لیے کال لیٹرز پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی مطلع کیا جائے گا۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ انٹرویو کے وقت اصل تعلیمی اسناد اور دیگر متعلقہ دستاویزات ہمراہ لائیں۔ کامیاب امیدواروں کی فہرستیں پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔