دورِ نایاب:پنجاب حکومت کے "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے تحت عوام کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور اس منصوبے میں رجسٹرڈ افراد کی تعداد 19 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ اب تک 11 لاکھ 35 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین سے ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سکندر ذیشان نے ملاقات کی، جس میں "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام اور محکمانہ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اب تک ایک لاکھ 31 ہزار 680 افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ رواں ماہ مزید 18 ہزار 375 افراد کو قرض دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق صوبہ بھر میں اس پروگرام کے تحت اب تک 83 ہزار 330 گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 45 ہزار 425 گھروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ منصوبے کے تحت اب تک 183 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ 8 اعشاریہ 4 ارب روپے کی ریکوری بھی کی جا چکی ہے۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے بتایا کہ "اپنی زمین، اپنا گھر" منصوبے کے تحت دو ہزار خاندانوں کو مفت پلاٹس بھی دیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب خوش نصیب خاندانوں کو ان کے گھروں کے مالکانہ حقوق بھی فراہم کریں گی۔