سٹی42: بانی کی بہن علیمہ خان کی اڈیالہ جیل کے گیٹ پر سینئیر وکیل سے بدتمیزی پر بات بڑھ گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ سینئیر وکیل نعیم پنجوتھہ نے جیل کے دروازے پر علیمہ خان کی بدسلوکی کی شکایت ان کے بھائی، پی ٹی آئی کے بانی سے کر دی۔
اڈیالہ جیل کے داخلی دروازے پر علیمہ خان نے باری باری کئی وکیوں کے ساتھ ڈانٹ ڈپٹ کی تھی لیکن نعیم پنجوتھہ کو دیکھ کر تو وہ آگ بگولہ ہو گئی تھیں، انہوں نے کہا تھا کہ نعیم پنجوتھہ تم تو بشریٰ بی بی کے بھی فوکل پرسن ہو، تم کس کس سے ملتے ہو۔ اس بات سے بات بڑھتے بڑھتے تلخ کلامی تک پہنچ گئی تو علیمہ خان نے زیادہ بری طرح نعیم پنجوتھہ کو ڈانٹا اور کہا، مجھ سے بدتمیزی نہ کرو۔۔ کچھ دوسرے وکلا نے نعیم پنجوتھہ کو وہاں سے ہٹا لیا اور گیٹ سے دور لے گئے۔
اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لئے جانے والے نعیم پنجوتھہ نے واپس آ کر صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے بانی سے ان کی بہن کی بدتمیزی کی شکایت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے تسلی سے نعیم حیدر پنجوتھہ کی شکایت کو سنا، بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان کی "سخت زبان" کا نوٹس لے لیا۔ بانی نے علیمہ خان کی وکلاء سے تکرار پر ناراضی کا اظہار کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی نے کہا کہ وہ علیمہ کو وکلا سے الجھنے سے منع کریں گے۔
آ ج بانی کی بہن نے اڈیالہ جیل کے داخلی دروازے پر موجود وکیولں کو ڈانٹا تھا اور ان سے کہا تھا وہ کیوں یہاں ملاقات کے لئے آئے ہیں۔ علیمہ نے کہا تھا کہ بانی سے صرف وہی ملے گا جس کو کوئی ذمہ داری سونپی گئی ہو۔ بغیر ذمہ داری کے کوئی وکیل جیل کے اندر نہیں جائے گا۔ علیمہ نے وکیلوں کو فرداً فرداً طعنے مارے کہ انہوں نے بانی کو جیل سے رہا کروانے کے لئے عدالتوں میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کی۔ اس ڈٓنٹ ڈپٹ کے دوران علیمہ کی کئی وکیلوں سے تلخ کلامی ہوئی لیکن نعیم پنجوتھہ کے ساتھ بات زیادہ بڑھ گئی تھی۔