ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے لیے آنے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد مالک دل کا دورہ پڑنے کے باعث جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جڑانوالہ سے لاہور ہائیکورٹ پیشی کے سلسلے میں آنے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد مالک کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ واقعہ لاہور ہائیکورٹ کے مسجد گیٹ کے باہر پیش آیا جہاں وہ اچانک گر پڑے اور بے ہوش ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد محمد مالک کو تشویشناک حالت میں میو اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے بعد ہائیکورٹ کے باہر موجود پولیس اہلکاروں، وکلاء اور سائلین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ساتھی اہلکار فوری طور پر محمد مالک کی مدد کے لیے جمع ہو گئے جبکہ ریسکیو ٹیم نے انہیں بروقت اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی۔اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد مالک کے انتقال کی خبر ملتے ہی پولیس حلقوں میں غم کی فضا چھا گئی۔ ساتھی اہلکاروں نے مرحوم کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ضروری قانونی کارروائی کے بعد مرحوم کی میت ورثاء کے حوالے کردی گئی۔