ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

روزگار کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری، مفت تربیتی کورسز شروع

روزگار کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری، مفت تربیتی کورسز شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پشاور میں روزگار کے بہتر امکانات پیدا کرنے اور نوجوانوں کو جدید پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ایک نئے تربیتی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں مفت ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوان عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں۔

یہ تربیتی پروگرام نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور لائیو اسٹاک ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کی رہنمائی اسٹرٹیجک انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لائیو اسٹاک سیکٹر میں درکار مہارتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تین ماہ پر مشتمل مفت کورسز متعارف کرائے گئے ہیں۔ ان کورسز کا مقصد نوجوانوں کو ایسی عملی تربیت فراہم کرنا ہے جو انہیں ملکی اور بین الاقوامی روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے میں مدد دے سکے۔

پروگرام کے تحت جن شعبوں میں تربیت دی جائے گی ان میں اسسٹنٹ سلاٹرر/ہیلپر (لیول ٹو)، فش فارمنگ، کولڈ چین مینجمنٹ اور ایکسپورٹ لاجسٹکس میں سرٹیفکیشن پریکٹسز، جبکہ میٹ پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور پریزرویشن شامل ہیں۔

تربیتی مراکز پشاور اور مردان میں قائم کیے گئے ہیں۔ درخواست دہندگان کے لیے عمر کی حد 18 سے 40 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ کم از کم تعلیمی قابلیت مڈل یا میٹرک رکھی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پروگرام میں نشستوں کی تعداد محدود ہے، اس لیے اہل امیدواروں کو جلد از جلد درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔

امیدوار سرکاری پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ اقدام نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی قومی حکمت عملی کا حصہ ہے۔