ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی آئی اے  ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، پالپا نے ناکافی قرار دے دیا

پی آئی اے  ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، پالپا نے ناکافی قرار دے دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سعید احمد:  پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا ہے تاہم پاکستان ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) نے اس اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پالپا کی جانب سے پی آئی اے انتظامیہ کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں تنخواہوں میں اضافے کو تسلی بخش نہ ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ 9 سال بعد پی آئی اے کی بیسک تنخواہ میں تقریباً 17 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، لیکن پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس اور دیگر بنیادی سہولیات میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

پالپا نے مزید کہا کہ آخری مرتبہ 2016 میں پائلٹس کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا تھا، اور اس کے بعد سے اب تک کوئی اضافی اقدامات نہیں کیے گئے۔ ایوی ایشن انڈسٹری میں پی آئی اے کے پائلٹس کی تنخواہ سب سے کم ہے اور پی آئی اے پائلٹ کی گراس تنخواہ نجی ایئرلائنز کے پائلٹس کی تنخواہوں کا 50 فیصد بھی نہیں ہے۔

پالپا کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن کی سیفٹی اور ایفیشینسی برقرار رکھنے والے پائلٹس کے ساتھ اس قسم کی ناانصافی کی جا رہی ہے، اور پی آئی اے انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔ مزید یہ کہ پالپا نے قومی ایئر لائنز کے پائلٹس کی تنخواہیں کم از کم نجی ایئرلائنز کے پائلٹس کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پالپا نے خبردار کیا کہ اگر اس مسئلے کو بروقت حل نہ کیا گیا تو پی آئی اے پائلٹس کا نیشنل فلیگ کیرئیر کو چھوڑنا ادارے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے اور اس کا اثر یورپ میں پی آئی اے کے آپریشن کی بحالی کے پلان پر بھی پڑ سکتا ہے۔