سٹی42: آج فیض حمید کی سزا کے بعد ثاقب نثار ہو یا بانی پی ٹی آئی سب کو سزا ملےگی۔ یہ انکشاف وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آبادمیں ایک نیوز آؤٹ لیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ایک اہم نیوز آؤٹ لیٹ کی رپورٹ کے مطابق طلال چوہدری نے کہا، آج فوج نے عملی طور پر ثابت کیا ہےکہ سب کو احتساب کا سامنا کرنا پڑےگا، آج کی سزا کے بعد ثاقب نثار ہو یا بانی پی ٹی آئی سب کو سزا ملےگی۔
طلال چوہدری نے کہا، اس فیصلے کے بعد ہماری عدلیہ کو بھی چاہیےکہ تیزی سے انصاف کے تقاضے پورےکرے۔ طلال چوہدری نے سوال کیا، " 9 مئی کے فیصلے کب ہوں گے کیا قیامت والے دن ہوں گے؟"
طلال چوہدری سے سوال کیا گیا کہ کیا جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس گروپ کا حصہ تھے؟ اور کیا انہیں بھی سزا ملی چاہیے؟
اس پر طلال چوہدری نے کہا، اس بات کا فیصلہ اس ادارے نے ایک تگڑا احتساب کرکے بتا دیا ہے، وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے، کوئی کتنا ہی طاقتور عہدے پر رہا ہو، کوئی غیر آئینی اور غیرقانونی کام کرے گا تو اسے سامنا کرنا پڑےگا۔ وہ ادارہ جسے کہتے تھے کہ کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا، اس ادارہ نے مثال قائم کی ہے، باقی کب کریں گے؟
طلال چوہدری نے کہا، وہ سیاسی جماعت جو اس فیض حمید کے گٹھ جوڑ میں شامل رہی ہے وہ اپنی خود احتسابی کب کرے گی؟
طلال چوہدری نے کہا، اس فیصلے کی جو پریس ریلیز آئی ہے اس کا آخری پیرا ، اس پر غور کرنا چاہیے کہ انہیں خود اپنا احتساب کرنا چاہیے اس سے پہلے کوئی اور کرے،کون سا سیاست دان تھا اور سیاسی جماعت تھی جو مستفید ہوتی رہی۔ جنہوں نے اپنے اتنے بڑے افسر کو سزا دی کیا وہ چاہیں گے باقی کسی کو معافی ملنی چاہی۔
یہ گٹھ جوڑ تھا سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک ہونا چاہیےْ۔ اس گٹھ جوڑ اور غیر آئینی اقدامات کا نقصان پاکستان کو ہوا ہے۔
طلال چوہدری سے سوال ہوا کہ کیا آپ کو بانی پی ٹی آئی کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل ہوتا دکھائی دے رہا ہے؟ اس پر طلال چوہدری نے کہا، جس طرح کے حالات ہیں سب کو پتہ ہے بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید کا گٹھ جوڑ تھا، بانی پی ٹی آئی کی سیاست ہی فیض حمید کے گرد گھومتی تھی، فیض حمید عہدے پر نہ ہوتا تو بانی پی ٹی آئی کی کبھی حکومت بھی نہ بنتی۔ بانی پی ٹی آئی جب اپوزیشن میں تھا اس وقت بھی ان کا گٹھ جوڑ تھا، ان تمام کے پیچھے جو آرکیٹیکٹ تھا وہ پکڑا گیا ہے۔ جو اس کے ساتھ بینفشری تھا، اس کو بھی کٹہرے میں آنا چاہیے، یہ ایک کلب بنا ہوا تھا، سب نے سوچا تھا ہم ایک دوسرے کو فائدہ دیں گے۔