ویب ڈیسک : بینظیر ہنرمند پروگرام کی جانب سے خواتین کو بہترین موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ مختلف ہنر کی مفت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر کے با عزت روزگار حاصل کریں۔
بینظیر ہنرمند پروگرام میں خواتین کو مختلف ہنر کی مفت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی جس کا دورانیہ تین سے 6 ماہ ہوگا۔ دورانِ تربیت ماہانہ وظیفہ، گریجویشن بونس، ٹریننگ کی تکمیل پر سرٹیفکیٹ اور متعلقہ شعبے میں روزگار کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس پروگرام کے تحت صنعتی ضروریات اور عالمی معیار کے عین مطابق شعبہ جات جیسا کہ ہوٹل منیجمنٹ، آئی ٹی اینڈ ڈیجیٹل اسکلز، ہیلتھ کنسٹرکشن، بیوٹی سروسز، فیشن اینڈ ٹیکسٹائل جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔
فیس بک میں جاری کردہ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ بینظیر ہنرمند پروگرام میں صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحقین یا ان کے خاندان کے افراد ہی اندراج کرا سکتے ہیں اور ایک خاندان سے ایک ہی فرد اس پروگرام کا حصہ بن سکتا ہے۔
پوسٹ کے مطابق بینظیر ہنرمند پروگرام میں رجسٹریشن سے بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کی مالی امداد اور دیگر فوائد مستقل جاری رہیں گے۔