اویس کیانی: وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات ہوئی جس کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور امن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں امریکی نائب صدر کے ہمراہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وفود کے درمیان مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے، جس پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ مذاکرات خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان فریقین کے درمیان مثبت پیش رفت کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام اور مستقبل میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔