سعید احمد: مبینہ طور پر ایران اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت کے بعد خلیجی ممالک کے ساتھ فضائی آپریشن میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس کے باعث مختلف ایئرپورٹس سے پروازوں کی آمدورفت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خلیجی ممالک کیلئے 12 پروازیں روانہ ہوئیں۔اسی طرح کراچی، اسلام آباد کے ایئرپورٹس سے مجموعی طور پر 18 پروازیں روانہ کی گئیں۔ملتان ایئرپورٹ سے 6 جبکہ پشاور ایئرپورٹ سے 8 پروازیں خلیجی ممالک کیلئے روانہ ہوئیں۔
فضائی ذرائع کے مطابق خلیجی روٹس پر سرگرمی میں اضافے کے باعث مختلف بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں اتحاد ایئر ،قطر ائیر ،فلائی دبئی ،امارات ائیر ،ائیر عربیہ شامل ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں سفارتی پیش رفت اور فضائی پابندیوں میں نرمی کے امکانات کے باعث پروازوں کے شیڈول میں بہتری اور اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں خلیجی روٹس پر پروازوں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس سے مسافروں کو سہولت ملے گی اور فضائی آمدورفت معمول پر آنے کی امید ہے۔