فضائی ٹکٹوں کو پر لگ گئے، پاکستانیوں کیلئے ہوائی سفر کرنا ہوگیا مشکل

فضائی ٹکٹوں کو پر لگ گئے، پاکستانیوں کیلئے ہوائی سفر کرنا ہوگیا مشکل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سعید احمد) فضائی ٹکٹوں کو پر لگ گئے، نئے پاکستان میں شہریوں کے لیے فضائی سفر کرنا مشکل ہوگیا، ائیر لائنز کی جانب سے کرایوں میں ازخود اضافے پر سول ایوی ایشن انتظامیہ نے چپ سادھ لی۔

 ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے لاہور سے کراچی کا یک طرفہ ٹکٹ 30 ہزار 135 روپے کا کر دیا، ائیربلیو کا لاہور سے کراچی کا ٹکٹ 26 ہزار روپے میں فروخت ہونے لگا، جبکہ سیرین ائیر کا لاہور سے کراچی کا کرایہ 36 ہزار روپے تک پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق تین ہفتے قبل لاہور سے کراچی کا ٹکٹ14 ہزار سے 20 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا تھا جبکہ لاہور سے کراچی ریٹرن ٹکٹ 26 سے 28 ہزار روپے میں میسر تھی لیکن ایک ماہ کے اندر اندر ریٹرن ٹکٹ کا کرایہ یک طرفہ کرائے میں تبدیل ہو گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے، ائیربلیو اور سیرین ائیر کی جانب سے اندرون ملک فلائیٹ آپریشن کے لیے طیاروں کی تعداد میں کمی کر دی گئی، طیاروں کی تعداد میں کمی اور پروازوں کی منسوخی کے باعث کرایوں میں ازخود اضافہ کر دیا گیا، جس پہ سول ایوی ایشن انتظامیہ بھی ائیرلائنز کے ازخود اضافے پہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

ائیرلائنز انتظامیہ کے مطابق ریونیو مینجمنٹ سسٹم کے تحت فضائی ٹکٹوں کے کرایوں میں اضافہ ہوا، جس پہ مسافروں نے سول ایوی ایشن انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

Sughra Afzal

Content Writer