عرفام ملک:راوی روڈ پر ناکہ توڑ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جبکہ ڈاکوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق زخمی ڈاکو کو فرار کا راستہ نہ ملا تو اس نے خود کو مظلوم ظاہر کرنے کے لیے ڈکیتی مزاحمت کے دوران گولی لگنے کی کال کردی۔ پولیس کی جانب سے وقوعہ سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی تو زخمی شخص کے جھوٹ کا پردہ فاش ہوگیا۔
دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ زخمی شخص کوئی مظلوم شہری نہیں بلکہ ڈاکو ہے۔ زخمی ڈاکو نے بتایا کہ اس کا ایک ساتھی اسے زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا، جبکہ پولیس سے بچنے اور علاج معالجے کے لیے اس نے اپنے ساتھ ڈکیتی کی واردات اور مزاحمت میں گولی لگنے کی کال کی تھی۔
پولیس نے زخمی ڈاکو کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جبکہ فرار ہونے والے اس کے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔