دورِ نایاب:شہرمیں137 ارب روپے کے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت فیروزپور روڈ پر سیوریج لائن ڈالنے کا کام مکمل کر لیا گیا، تاہم انتظامی اداروں کی غفلت کے باعث ایک ماہ گزرنے کے باوجود سڑک بحالی کا عمل شروع نہ ہوسکا۔
گجومتہ سے چونگی تک دونوں اطراف کی سروس لین اکھاڑ کر سیوریج لائن بچھائی گئی، لیکن جگہ جگہ گہرے شگاف، اکھڑی ہوئی سڑک اور بکھرا مٹیریل شہریوں کے لیے آمدورفت میں مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ بارش کے دوران پانی کے نکاس میں دشواری اور سیوریج لائن کے گندے پانی کا واپس سڑک پر آنا صورتحال کو مزید سنگین بنا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح ہدایات دی تھیں کہ ایل ڈی پی کے تحت سیوریج منصوبے بروقت مکمل کر کے فوری طور پر سڑکوں کی بحالی یقینی بنائی جائے۔ واسا نے سیوریج کا کام تو مکمل کر لیا ہے مگر سڑکوں کی بحالی کی ذمہ داری ایم سی ایل پر ہے، جو تاحال کارروائی شروع نہیں کر سکا۔
شہریوں نے متعلقہ اداروں سے فی الفور سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے اور آمدورفت آسان ہو۔