ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

دریاؤں میں طغیانی، سیلابی ریلے سندھ میں داخل، درجنوں علاقے زیرِ آب

دریاؤں میں طغیانی، سیلابی ریلے سندھ میں داخل، درجنوں علاقے زیرِ آب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سیلابی ریلے سندھ میں داخل ہو چکے ہیں اور دریائے سندھ، ستلج اور چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ ہیڈ پنجند، گڈو اور سکھر بیراج پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں۔

ہیڈ پنجند پر بہاؤ 4 لاکھ 75 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ گڈو بیراج پر 5 لاکھ 2 ہزار کیوسک اور سکھر بیراج پر اپ اسٹریم میں 4 لاکھ 405 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پانی کا دباؤ کم کرنے کے لیے تمام بیراجوں کے گیٹ کھول دیے گئے ہیں۔

بھارت کی آبی جارحیت جاری:
بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کے باعث پاکستان میں اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو ہریکے اور فیروزپور سے پانی چھوڑنے سے متعلق آگاہ کیا۔ پی ڈی ایم اے نے گنڈا سنگھ والا میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

جنوبی پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی:
سیلابی پانی نے بہاولپور، منچن آباد، بہاولنگر، پاکپتن اور اوچ شریف کے درجنوں علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ 100 سے زائد دیہات اور موضع جات زیرِ آب آ چکے ہیں جبکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ جلالپور پیروالا میں وہاڑی پل بند توڑنے کے بعد علاقے کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم درجنوں بستیاں متاثر اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

انتظامیہ اور پاک فوج کا ریسکیو آپریشن:

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے 6 اضلاع میں ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں 100 سے زائد کشتیاں، سینکڑوں ربڑ بوٹس اور ہزاروں لائف جیکٹس پہنچا دی گئی ہیں۔ پاک فوج، ریسکیو 1122، اور مقامی انتظامیہ شگاف پر کرنے اور متاثرہ افراد کے انخلا کے لیے سرگرم ہیں۔

متاثرہ دیہات میں انخلا کا عمل جاری:
جلالپور پیروالا کے نواحی علاقے بہاراں میں فلڈ بند میں شگاف پڑنے کے بعد 5 دیہات کو خالی کرایا جا رہا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں لوگوں کے گھروں کے دروازوں پر دستک دے کر انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں ہزاروں افراد کو پناہ دی گئی ہے۔

سکھر اور گڈو بیراج پر نگرانی سخت:
ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل کے مطابق سکھر اور گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تاہم تمام تر حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور امید ہے کہ سیلابی ریلا بغیر کسی بڑے نقصان کے گزر جائے گا۔