سراج الحق نے مسئلہ کشمیر پر حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا

سراج الحق نے مسئلہ کشمیر پر حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سٹی 42 ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت کشمیر پر قبضہ کرکے پاکستان کو بنجر بنانا چاہتا ہے، مسئلہ کشمیر پر 72 سال سے حکمران محض بیانات پر اکتفا کررہے ہیں، آج تک مسئلہ کشمیر ہماری حکومتوں کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے حل طلب ہے، موجودہ حکومت نے بھی اب تک آنیاں جانیاں کی ہیں، کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاﺅن لاہور میں یکجہتی کشمیر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آخری گولی اور آخری سانس کی بات کرتے ہیں مگر پہلا قدم اٹھانے کو کوئی تیار نہیں، 6 اکتوبر کو زندہ دلان لاہور لاکھوں کی تعداد میں کشمیر مارچ میں شریک ہوکر اپنے کشمیر ی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ جس سے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے امیر محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف اور نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کو بڑی قتل گاہ بنا دیا ہے، 36 دنوں سے ایک کروڑ کشمیریوں کی سانس بند کر رکھی ہے، بھارت کے فضائی راستے بند اور ہر قسم کی تجارت ختم کرنے کا اعلان کیا جائے، سڑکیں اور ٹرین بند کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کو زندگی اور موت کا مسئلہ بنایا جائے اور اس کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں، شہ رگ دشمن کے قبضہ میں ہو تو اسے چھڑانے کیلئے پوری قوت استعمال کی جاتی ہے، ابھی تک حکومت نے ایل او سی پر لگی باڑ کو گرانے کی طرف توجہ نہیں دی۔ کشمیر کا مسئلہ پوری امت اور عالم اسلام کا مسئلہ ہے، حکومت اس کیلئے حل کیلئے ابھی تک ایک بھی قابل ذکر قدم نہیں اٹھا سکی۔