ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارتی جارحیت کے ردعمل میں پاکستان کا جواب تاریخ کا سنہری باب ہے: صدرِمملکت

بھارتی جارحیت کے ردعمل میں پاکستان کا جواب تاریخ کا سنہری باب ہے: صدرِمملکت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : صدرِمملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے ردعمل میں پاکستان کا جواب تاریخ کا سنہری باب ہے۔ 

معرکہ حق میں تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد، پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب میں آتش بازی کا شاندارمظاہرہ کیا گیا۔ صدرمملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تقریب میں شرکت کی۔ وفاقی وزراء ،سروسز چیفس و دیگر اہم شخصیات بھی تقریب میں موجود تھے۔ 

مختلف ملکوں کے سفیر،سول اور عسکری حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب کے آغاز میں قومی ترانہ بجایا گیا، تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں کی جانب سے مارچ پاسٹ کیا گیا۔ اس موقع پر دفاع وطن میں شہید ہونے والے نڈر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ 

صدرمملکت آصف زرداری نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی، بھارتی قیادت نے اپنے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے جارحیت کا راستہ اپنایا، بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال حملہ کیا، بھارت نے پاکستان کی شہری آبادی اورعبادت گاہوں پرحملے کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاکستان کی بہادرافواج کے سپوتوں نے ہمارا سرفخرسے بلند کیا۔

صدرآصف زرداری نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے ردعمل میں پاکستان کا جواب تاریخ کا سنہری باب ہے، فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے اپنی مہارت ثابت کی، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن پر اپنی دھاک بٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے، ہم نے عالمی امن کیلئے اقدامات کئے ہیں، کشمیر پربھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے،مسئلہ کشمیرحل طلب ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا، جنوبی ایشیا میں امن کیلئےمسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، پانی ہماری لائف لائن ہے، اپنے آبی مفادات کا ہرصورت تحفظ کریں گے۔