راو دلشاد: پاکستان ریلوے کے زیر اہتمام راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر “ معرکہ حق” کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، ریلوے ملازمین اور افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ آج معرکہ حق کی فتح کے سلسلے میں گرین لائن ٹرین کا افتتاح کیا جا رہا ہے جبکہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں پوری قوم اپنے شہداء اور افواج پاکستان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے اور 10 مئی کو افواج پاکستان نے مکار دشمن کو عبرتناک شکست دی۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارے شاہینوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو دن میں تارے دکھا دیے جبکہ پاکستان ائیرفورس نے طویل فضائی جنگ لڑ کر دنیا کو حیران کر دیا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے سفارتکاری کے میدان میں بھی کامیابیاں حاصل کیں جبکہ قوم معرکہ حق کے شہداء کیلئے دعا گو ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ فوجی جوانوں کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان اور عوام محفوظ ہیں، ائیر چیف اور فیلڈ مارشل کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں، پاکستان ائیرفورس نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
اُنہوں نے ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور نواز شریف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان رہنماؤں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا شدید عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو مضبوط دفاعی قوت بنایا گیا اور آج پاکستان ایک مضبوط ایٹمی طاقت ہے۔