ویب ڈیسک:بھارتی جارحیت کے جواب میں کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب جاری ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہیں جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں موجود ہیں۔
جی ایچ کیو میں معرکہ حق کی یاد میں منعقد کی گئی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمڈ فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا آج کا دن ہم سب کے لیے باعث افتخار ہے،پاکستان نے ہر بار دشمن کے غلط اندازوں کو بےنقاب کرکے شکست دی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکہ حق 2 ممالک یا افواج کے درمیان روایتی جنگ نہ تھی، معرکہ حق 2 نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا، ہم معرکہ حق کے عظیم شہدا کو کبھی نہیں بھلا سکتے،معرکہ حق میں حق فتحیاب اور باطل ہزیمت سے دوچار ہوا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،حق آگیا اور باطل مٹ گیا، بے شک باطل ہوتا ہی مٹنے کیلیے ہے،پاکستان نے دشمن کو ہر بار شکست سے دوچار کیا،ملکی خود مختاری، سرحدی سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں۔
چیف آف آرمڈ فورسز کا کہنا تھا دشمن جان لے !پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں ہوں گے،آئندہ مہم جوئی کے اثرات انتہائی خطر ناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہوں گے،بھارت کا خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرنے کا خواب پاکستان کامیابی نہیں ہونے دے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ عصرِحاضراورمستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی،جس میں دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں ،ڈرونز ،سائبراور آرٹی فیشل انٹیلی جنس کا استعمال ہوگا،افواج پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کردیا گیا ۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا ایک عظیم سنگِ میل ہے ۔
قبل ازیں مسلح افواج کے سربراہان نے باری باری جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، یادگار شہدا پر حاضری کے بعد مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے بری، بحری اور فضائی افواج کے سربراہان کو سلامی پیش کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، معرکہ حق میں کامیابی مسلح افواج کی تیاری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، اس کامیابی نے مسلح افواج پر عوام کے اعتماد کو فیصلہ کن طور پر مضبوط کیا۔