ہائیکورٹ کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 10،10 ہزار جرمانہ کرنے کا عندیہ

Lahore High Court
کیپشن: Lahore High Court
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے دس دس ہزار روپے جرمانہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگرکی ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک سے متعلق درخواست پر سماعت کی، جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹل کمیشن کی جانب سے کمال حیدرایڈووکیٹ نے رپورٹ پیش کی، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز نے سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات سےآگاہ کیا، عدالت نے محکمہ ماحولیات کی کاوشوں کو سراہا۔

 جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ مال روڈ پر آج کل گرین بیلٹس پر بڑے بڑے جنریٹرز لگائے گئے ہیں جو ساری رات چلتے ہیں، جنریٹرز سے گرین بیلٹ تباہ ہو رہی ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے بتایا گرین بیلٹس پر جنریٹرز چلنے کے باعث ماحولیاتی آلودگی پھیل رہی ہے، پی ایچ اے ایک طرف جشن بہاراں کروا رہا ہے، دوسری طرف گرین بیلٹس تباہ کررہا ہے۔ 

وکلاء نے بتایا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کی وجہ سے کینٹ میں ٹریفک جام رہتی ہے جس پر ڈی ایس پی نےعدالت کو بتایا کہ ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے متبادل انتظامات کیے ہیں۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ کیا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کیلئے ڈرون کیمرہ ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کرسکتے؟ پوری دنیا میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہے۔ ڈی ایس پی ٹریفک نے بتایا ہمارے پاس ڈرون ٹیکنالوجی کی سہولت نہیں۔ عدالت نےاس پر سٹڈی کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کی۔

عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ ماحولیات، محکمہ پی ایچ اے سمیت دیگرمتعلقہ افسران کو عدالتی احکامات بارے عملدرآمد رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Sughra Afzal

Content Writer