طلحہ اشرف: سکھ مذہب کے پانچویں گورو، گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ) کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری آج واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے یاتریوں کے استقبال اور سہولیات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ واہگہ بارڈر پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق سکھ یاتریوں کا استقبال کریں گے۔
ناصر مشتاق کے مطابق یاتریوں کی سہولت اور آرام کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ واہگہ بارڈر پر کھانے پینے اور طبی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سکھ یاتری 10 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے اور انہیں سخت سکیورٹی میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب منتقل کیا جائے گا۔
گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی مرکزی تقریب 16 جون کو گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوگی، جس میں ملکی و غیر ملکی سکھ یاتری شرکت کریں گے۔