ویب ڈیسک: وفاقی بجٹ 2025- 26 میں عوام کو کم لاگت پر گھر فراہم کرنے کیلئے اہم اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے 3 اور 5 مرلہ کے گھروں کیلئے شرح سود پر سبسڈی دینے کی تجویز دی ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو سستے گھر فراہم کرنا ہے۔
10 سے 12 سالہ قسطوں پر مشتمل ایک آسان ادائیگی کا پیکج متعارف کروائے جانے کا امکان ہے، جس کے تحت سالانہ 50 سے 70 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ملک میں 1 کروڑ 40 لاکھ رہائشی یونٹس کی کمی ہے جبکہ حالیہ مردم شماری کے مطابق تقریباً 3 کروڑ (30 ملین) کچے پکے رہائشی یونٹس موجود ہیں۔
وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے منصوبے:
وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے پہلے سے جاری 21 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 2 ارب 30 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم آفس کی تزئین و آرائش کیلئے 6 کروڑ 50 لاکھ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم اسٹاف کالونی میں جدید سہولیات کی فراہمی اور آرائش کیلئے 5 کروڑ 50 لاکھ روپے تجویز کیےگئے ہیں۔
اسلام آباد میں سرکاری عمارتوں کی مرمت کیلئے 11 کروڑ روپے تجویزکیے گئے ہیں۔